نیا بجلی کا بل 50ریال کے بجائے 180 ریال ہوگا

10:43 AM, 13 Dec, 2017

ریاض: (واس) وزارت توانائی و صنعت و معدنیات نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول، ڈیزل اور طیارو ں کے ایندھن کے نرخ 2018ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران تبدیل کردیئے جائیں گے۔ سعودی آرامکو تفصیلات کا اعلان کریگی۔ اس کامقصد سبسڈی ختم کرکے پیٹرول ، ڈیزل اور طیاروں کے ایندھن کے حقیقی نرخ متعین کرنا ہے۔ اب تک سبسڈی کیلئے مخصوص بجٹ نجی اداروں کو سعودائزیشن کی اسکیمیں نافذ کرنے کیلئے بطور تعاون فراہم کیا جائیگا۔
دوسری جانب بجلی بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ یا نرخنامہ تیار کرلیاگیا ہے۔ یکم جنوری 2018ء سے نافذ ہوگا۔ نئے نرخنامے میں بجلی کے صارفین کی زمرہ بندی کی گئی ہے۔ مکانات، تجارتی مراکز، دکانوں، کھیتی باڑی، فلاحی انجمنوں و اداروں، نجی صحت اداروں ، نجی اسکولوں ،کالجوں، فیکٹریوں، کارخانوں اور سرکاری اداروںکے لئے الگ الگ نرخ مقرر کئے گئے ہیں۔گھریلو صارفین پر ایک سے 6ہزار کلو واٹ بجلی استعمال کرنے پر فی کلو واٹ 18ہللہ اور 6ہزار سے زیادہ استعمال پر 30ہللہ وصول کئے جائیں گے۔ تجارتی استعمال پر ایک تا 6ہزار کلو واٹ پر 20ہللہ، 6ہزار سے زیادہ پر 30ہللہ ہونگے۔ کھیتی باڑی، فلاحی انجمنوں و اداروں اور ایسے تمام مراکز سے جو اس کے دائرے میں آتے ہیں ایک تا 6ہزار کلو واٹ پر 16ہللہ اور 6 ہزار سے زیادہ پر 20ہللہ وصول کئے جائیں گے۔ نجی صحت اداروں ، اسکولوں ، معہد اور موسسہ جات سے فی کلو واٹ 21ہللہ لئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سرکاری اور صنعتی استعمال کے نرخنامے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ صنعتی استعمال پر 18ہللہ فی کلو واٹ وصول کیا جائیگا جبکہ سرکاری اداروں سے 32ہللہ لئے جائیں گے۔بجلی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ چارٹ کے مطابق مہینے میں ایک ہزار کلو واٹ بجلی استعمال کرنے پر اب تک 50ریال بل وصول کیا جارہا تھا اب 180ریال لئے جائیں گے۔ اسی طرح 2ہزار کلو واٹ استعمال پر100ریال کے بجائے 360،3ہزار کلو واٹ خرچ کرنے پر 200ریال کے بجائے 540ریال وصول کئے جائیں گے جبکہ 4ہزار خرچ کرنے پر300کے بجائے 720ریال، 5ہزار کلو واٹ پر 500کے بجائے 900، 6ہزار خرچ کرنے پر 700کے بجائے 1080 ریال، 7ہزار کلو واٹ استعمال پر ایک ہزار کے بجائے 1380، 8ہزار کلو واٹ استعمال پر 1300کے بجائے 1680ریال، 9ہزار کے استعمال پر 1600کے بجائے 1980 اور 10ہزار کلو واٹ استعمال کرنے پر 1900ریال کے بجائے 2280ریال کا بل آئیگا۔
دریں اثناء بجلی بورڈ نے صارفین سے کہا ہے کہ اگر کسی کو کسی طرح کی کوئی شکایت ہو تو وہ ویب سائٹ info@ecra.gov.sa سے رجوع کرکے شکایت درج کراسکتا ہے جبکہ ٹول فری 8001259000 پر رابطہ کرسکتا ہے۔ علاوہ ازیں ٹویٹر اکائونٹ @Saudi_ECRAاور بورڈ کی ویب سائٹwww.ecra.gov.sa پرمراسلت کرسکتا ہے

مزیدخبریں