ویرات کوہلی کے لیے مختص "ویلا" کی خصوصیات جان کر حیران رہ جائیں گے

10:22 AM, 13 Dec, 2017

میلان : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما گزشتہ روز شادی کے حسین بندھن میں بندھ گئے۔

ان کی شادی کی تقریب اٹلی کے شہر میلان میں ہوئی جس کی تصاویر اور ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے اور ہر جانب سے مبارکباد کے پیغامات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ دونوں کی شادی جس جگہ پر ہوئی وہاں کیا کچھ میسر ہے اور صرف ایک رات کا کرایہ کتنا ہے؟ یہ تمام تفصیلات منظرعام پر آ گئی ہیں جنہیں جان کر یقینا آپ آنکھیں جھپکنا بھول جائیں گے۔یہاں ایک ہفتے کے قیام پر 9 کروڑ 48 لاکھ 3 ہزار 210 بھارتی روپے خرچ آیا جس کا مطلب ہے کہ صرف ایک رات کا کرایہ 13 لاکھ 54 ہزار 744 روپے بنتا ہے۔ ذیل میں دی گئی اس ’ویلا‘ کی تصاویر دیکھ کر آپ کو بھی خوابوں کی دنیا کا احساس ہو گا۔ 


دونوں کی شادی بورگو فینو کیے ٹو نامی ”ویلا“ میں ہوئی جو تسکنی میں واقع ہے۔ یہ کئی سو سال پرانا ’ویلا‘ ہے اور ایک ویب سائٹ کے مطابق یہ تقریباً 800 سال پہلے تعمیر کیا گیا تھا۔ اس سیرگاہ کے گردونواح میں کئی پرسکون وادیاں موجود ہیں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکزی بننے والی دیگر کئی چیزیں بھی موجود ہیں۔

یہاں 60 فٹ کے سوئمنگ پول کے علاوہ جم، سپا اور ٹینس کورٹ کی سہولیات بھی دستیاب ہیں جبکہ 22 بیڈرومز اور سوئٹس بھی موجود ہیں۔ یہاں شادی کی تقریب کے انعقاد پر ویرات اور انوشکا شرما کی شادی 2017ءکی سب سے مہنگی شادی بن گئی ہے۔ سابق امریکی صدر براک اوباما نے بھی مئی 2017ءمیں اپنی اہلیہ مشال اوباما اور بیٹیوں کے ہمراہ یہاں چھٹیاں گزاری تھیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق شادی کے موقع پر ویرات کوہلی نے انوشکا شرما کو جو انگوٹھی پہنائی اس کی قیمت بورگو فینو کیے ٹو کے کرائے سے بھی زیادہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ویرات کوہلی نے انتہائی نایاب ہیرے کا انتخاب کیا جسے آسٹریا کے مایہ ناز ڈیزائنر نے تیار کیا۔ اس کا ڈیزائن اس قدر خوبصورت ہے کہ اسے مختلف زاویوں سے دیکھنے پر ہر مرتبہ الگ ہی طرح کے رنگ نظر آتے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس انگوٹھی کی قیمت ایک کروڑ بھارتی روپے ہے اور جو بھی اس انگوٹھی کو دیکھے گا یقینا نظریں ہٹانے میں ناکام ہو جائے گا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ویرات کوہلی نے انگوٹھی کے انتخاب کیلئے 3 مہینے لگائے۔

مزیدخبریں