پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہریار خان نے ٹی ٹین لیگ کو سرکس قرار دے دیا۔
پی سی بی کے سابق سربراہ کہتے ہیں کہ کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچاکر کمرشل فائدہ اٹھانا ٹھیک نہیں ۔ گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ سے کھیل کو نقصان ہوگا، یہ سرکس ہے اور اسکو سپورٹ کرنا سراسر غلط فیصلہ ہے ۔کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ 4 لاکھ کیا، 10 لاکھ ڈالر بھی ملتے تو کرکٹ کی ساکھ پر سودے بازی نہیں کرنی چاہئے تھی ۔
شہریار خان نے مزید کہا کہ پی ایس ایل ہمارا پراڈکٹ ہے ، پی ایس ایل فرنچائز مالکان کو متحدہ عرب امارات میں ہونیوالی مختصر کرکٹ کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کرکٹرز کو ٹی 10 لیگ میں شرکت کی اجازت کے عوض 4 لاکھ ڈالرز فیس وصول کرنے کے اعتراف نے معاملے کی شفافیت کو مشکوک کرتے ہوئے مزید سوالات پیدا کردیئے ہیں۔
سب سے اہم سوال یہ اٹھایا جارہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی 10 لیگ کو پہلے نہ اور پھر ہاں کیوں کی؟واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے ٹاپ پلیئرز کو متنازعہ ٹی 10 لیگ میں شرکت کی اجازت دینے کیلئے 4 لاکھ ڈالرز وصول کئے۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے یہ اعلان کیا تھا کہ ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کو نہیں بھیجا جائے گا۔