اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز کیس میں اہم گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے قومی احتساب بیورو کی 2 رکنی ٹیم لندن روانہ ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق نیب ٹیم میں کیس افسر سلطان نذیر اور انویسٹی گیشن افسر عمران ڈوگر شامل ہیں۔
ٹیم برطانوی کراؤن پراسیکیوشن سروس کے دو اہم گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرے گی۔ ذرائع کہنا ہے کہ پاکستان نے حکومت برطانیہ سے ایون فیلڈ پراپرٹیز کیس میں مدد کی درخواست کی تھی جس پر پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ برطانوی کراؤن پراسیکیوشن سروس تمام درکار ضروری دستاویزات نیب ٹیم کے حوالے کرے گی۔ نیب ٹیم کی وطن واپسی 20 دسمبر کو ہو گی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں