سینیٹر سرا ج الحق کا بشار الاسد کی فوج کی جانب سے حلب پر بمباری پر رنج و غم کا اظہار

سینیٹر سرا ج الحق کا بشار الاسد کی فوج کی جانب سے حلب پر بمباری پر رنج و غم کا اظہار

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے شام میں بشار الاسد اور اس کی فوج کی جانب سے شام کے شہر حلب پر مسلسل بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں سینکڑوں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر شدید رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ ایک دن کے دوران 200 سے زائد شہریوں کو بے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتار کر حلب کوایک بڑے اجتماعی قبرستان میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالمی برادری شام میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر مجرمانہ خاموشی توڑے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی دوغلی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ شام میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بشار الاسد اور اس کا خاندان گزشتہ پچاس سال سے بے گناہ شامی عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ شامی عوام نے اس سے نجات کی بات کی تو عالمی برادری کی سرپرستی میں اس نے پورے ملک کو کھنڈرات میں تبدیل اور لاکھوں افراد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بعض عالمی اور علاقائی قوتیں بشار کی سرپرستی کرتے ہوئے شام اور مشرق وسطیٰ میں مستقل جنگ کے شعلے بھڑکائے رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان ملکوں کو ذاتی پسند و ناپسند اور ایک دوسرے کی دشمنی چھوڑ کر انصاف اور اللہ کی عدالت میں حاضری کے تصور سے اپنی پالیسیاں وضع کرنا چاہئیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج کی دنیا میں بشار الاسد اور جنرل سیسی جیسے ڈکٹیٹروں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔