ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تیسری مرتبہ بھی کراچی سے جنرل منتخب کیا گیا

ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تیسری مرتبہ بھی کراچی سے جنرل منتخب کیا گیا

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی کے سابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر فائز کردیا گیا ہے ان سے قبل بھی آئی ایس آئی کے دونوں سربراہان کراچی میں ہی اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کوڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر فائز کردیا ہے۔ اس سے پہلے وہ کور کمانڈر کراچی کے طور پر کام کر رہے تھے، انہوں نے کراچی میں بطور کور کمانڈر اہم کردار ادا کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی بہت ساتھ دیا۔
 ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تیسری بار کراچی سے اہم ترین جنرل کو منتخب کیا گیا ہے۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی کراچی سے ہی منتخب کیے گئے تھے اور آئی ایس آئی کا سربراہ منتخب ہونے سے پہلے وہ ڈی جی رینجرز سندھ کے عہدے پر تعینات تھے۔ جنرل رضوان اختر سے پہلے جنرل ظہیر الاسلام ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تعینات تھے ، وہ بھی ڈی جی بننے سے پہلے کور کمانڈر کراچی رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل آئی ایس آئی کے تین ڈی جیز کو کراچی سے منتخب کرناکراچی کی اہمیت کی طرف اشارہ ہے۔