وفاقی کابینہ کا اجلاس، نجکاری کمیشن بورڈ کے اراکین کی تعداد بڑھا نے کی منظوری

 وفاقی کابینہ کا اجلاس، نجکاری کمیشن بورڈ کے اراکین کی تعداد بڑھا نے کی منظوری

اسلام آباد:وفاقی کابینہ کے اجلاس میں  نجکاری کمیشن بورڈ کے اراکین کی تعداد بڑھا نے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اراکین کی تعداد 8 سے بڑھا کر 11 کرنے اور اضافہ شدہ نشستوں پر صرف خواتین تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں وزارتِ خارجہ کی سفارش پر پاکستان اور ایکواڈور کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے معاہدے پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 2 اگست 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔ تاہم وزیرِ اعظم نے مزید ہدایت کی کہ جن ایس او ایز کی نجکاری کے لیے منظوری ہو چکی، ان کی نجکاری کا جامع پلان آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔

کابینہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ یوریا کھاد کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لیے ہر قسم کے اقدامات یقینی بنائے جائیں، زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت رکھتی ہے، کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کو کم کرنے کے لیے زرعی ان پٹس کے نرخوں میں کمی یقینی بنائی جائے۔

 وزیر اعظم نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ملک کے اہم بورڈز میں خواتین کی نمائندگی کی ہدایت دی تھی، وزیر اعظم کے ویژن کے تحت بورڈ کے تین نئے ارکان کی نشستوں پر صرف خواتین کو تعینات کیا جائے گا۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 2 اگست 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلے پر ہدایت کی کہ یوریا کی درآمد کے بجائے ستمبر 2024 کے بعد بھی پاکستان میں یوریا کھاد بنانے والے کارخانوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مصنف کے بارے میں