پاکستان نے 126 ممالک کیلئے ویزا فیس ختم کردی

05:47 PM, 13 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :پاکستان نے 126 ممالک کیلئے ویزا فیس ختم کردی۔وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ  نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ  پاکستان نے 126 ممالک کیلئے ویزا فیس ختم کردی ہے۔

ان کاکہنا تھاکہ   پاکستان دیگر ممالک کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی کررہا ہے، 126ممالک کہ شہری آن لائن ویزا اپلائی کرسکتے ہیں، ان ممالک کے شہریوں کیلئے ویزا فیس ختم کردی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ  سیاح آتے ہیں تو پاکستان کی خوبصورتی دیکھ کر حیران ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب 126 ممالک کے سیاح ایک فارم کے ذریعے ویزا لے سکتے ہیں، فارم میں صرف 30 سوالات درج کیے گئے ہیں، سیاحوں کو تین ماہ کیلئے ویزا جاری کیا جائے گا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ گلف ممالک کے سیاحوں کو ویزا آن ارائیول ہوگا، خلیجی ممالک کے رہائشی صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں گے تو فوری ویزا جاری کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دروازے دنیا کے لئے کھولے جا رہے ہیں، ہم نے ایک ای ویزا پالیسی بھی متعارف کروائی ہے، یہ ویزا پالیسی آج رات سے نافذالعمل ہوگی۔
ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر پوری قوم خوش ہے،پاکستان کا 40 سال بعد ایسا اعزاز حاصل کرنا خوشی کا مقام ہے، ارشد کی کامیابی کے ساتھ ان کے کوچ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی وجہ سے پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم بلند ہوا، ارشد ندیم کل 14اگست کی مرکزی تقریب میں موجود ہوں گئے، قومی ہیرو کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا جائے گا، ارشد ندیم کا کارنامہ 92ء کے ورلڈکپ سے بھی بڑا ہے، ارشد ندیم نے یوم آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا۔
وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے قومی ہیرو ارشد ندیم کے گھر گئیں اور انہیں انعامات سے نواز ہے، ارشد ندیم کی زندگی لاکھوں نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے، مریم نواز نے ارشد ندیم کی والدہ کو گلے لگا کر مبارکباد دی، انہوں نے قومی ہیرو کو گاڑی اور 10کروڑ روپے کا تحفہ دیا۔

مزیدخبریں