بلاول کے خلاف نازیبا بیان : سندھ حکومت نے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

01:34 PM, 13 Aug, 2024

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا بیان دینے پر سندھ حکومت نے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ  سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

سندھ حکومت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی،  درخواست میں استدعا  کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 25 جون کا فیصلہ خلاف قانون ہے جسے کالعدم قرار دیا جائے، چیمبر میں سماعت کر کے جج نے اپنا مائنڈ اپلائی نہیں کیا۔ 

 درخواست  میں موقف اپنایا گیا ہے کہ شیخ رشید نے میڈیا کے سامنے بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر کے پارٹی ورکرز کو اشتعال دلایا، بلاول بھٹو ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ ہیں ان کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال ملک میں صورتحال کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔

 درخواست  میں مزید کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کا مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ خلاف قانون ہے اور مزید تحقیقات کا تقاضا کرتا ہے، ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔ایک جرم سرزد ہونے کی صورت میں اس کے دوسرے مقام پر اثرات کی بنیاد پر کاروائی ہو سکتی ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔ 

مزیدخبریں