نوید اکرم چیمہ کو ایک بارپھر قومی کرکٹ ٹیم کا مینجر مقرر کرنے کا فیصلہ

12:10 PM, 13 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور:سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذکاء اشرف کے دور میں مینجر قومی ٹیم رہنے والے نوید اکرم چیمہ کو دوبارہ مینجر مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے نوید اکرم چیمہ کو ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کے منیجر کا عہدہ دینے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ پاکستان ٹیم منیجمنٹ کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔

نوید اکرم چیمہ دورہ آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ میں ٹیم مینیجر تھے، اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک وہاب ریاض سینئر مینیجر اور منصور رانا مینیجر رہے تھے جب کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں خراب پرفارمنس پر وہاب ریاض اور منصور رانا کو ہٹایا گیا تھا۔

 ذکاء اشرف کے دور میں پی سی بی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مینجر ریحان الحق کو ہٹا کر نوید اکرم چیمہ کو عہدہ سونپا تھا۔

واضح رہے کہ رواں برس جولائی میں قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو فارغ کیے جانے کے بعد ٹیم کے مینیجر منصور رانا کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق تینوں ٹورز میں ڈسپلن نام کی کوئی چیز ٹیم میں نہیں دیکھی گئی اور شکایات کی تصدیق کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا۔

مزیدخبریں