اسلام آباد:یوم آزادی پر ون ویلرز کے لیے ڈولفن فورس کی ٹیمیں تیار کر لی گئی ہیں۔ ون ویلر زکے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیاگیاہے ۔ باجے ، ہارن بیچنےاور بجانے کے خلاف دفعہ144 نافذکی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں یوم آزادی کی رات کیلئے سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ون ویلرز اور ہلڑبازی کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ٹریفک پولیس، ضلعی پولیس اور ڈولفن فورس کی5 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ باجے اور ہارن بیچنےاور بجانے کے خلاف دفعہ144 نافذ کی گئی ہے، ون ویلنگ اور ہلڑبازی پر سخت کارروائی کی جائے گی، ایکسپریس وے، شاہراہ دستور،کشمیرہائی وے اورکلب روڈ پرکارروائیاں کی جائیں گی۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ یوم آزادی کے موقع پر تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوزکو علاقوں میں سڑکوں پر رہنےکی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، موٹر سائیکل کے سائلنسر کھولنے اور سڑکیں بلاک کرنے پربھی کارروائی ہوگی۔