لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کیلئے بری خبر یہ ہے کہ عمران خان اور پاک فوج کے درمیان تعلقات بہتر ہو گئے ہیں اور وہ اختلافات پیدا کرنے میں ناکام ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ شریفوں نے (ق) لیگ اور پی ٹی آئی کو لڑانے کی سازش کی، بھارت اور اسرائیل کے ایجنٹ فوج اور عمران خان کے درمیان بھی اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کررہے تھے مگر انہیں ناکامی کا سامنا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ایسا پاکستان بنے گا کہ دنیا دیکھے گی اور کہے گی کہ عمران خان قائداعظم کے بعد پاکستان کا دوسرا بڑا لیڈر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کی میں بذات خود نگرانی کر رہا ہوں، ہنگامی حالات میں کام کرنے والے ڈاکٹر کو ڈبل تنخواہ ملے گی اور ہم صوبے میں سود کے کاروبار کو ختم کر کے دم لیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تاجروں کے کاروبار بند کئے لیکن ہم نے ان کے کاروبار دوبارہ کھول دئیے ہیں، منگائی چند دنوں میں کم نہیں بلکہ ختم ہو گی اور ہر ہسپتال کی ایمرجنسی میں دوائیاں مفت ہوں گی۔