لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سلمان رشدی کے ساتھ جو ہوا ، یہ اس کے گستاخانہ فعل کا نتیجہ ہے ۔ سلمان رشدی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں جو شر انگیزی کی ، وہ ہر مسلمان کے لیے ناقابل برداشت ہے ۔
چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر ہماری جان بھی قربان ہے ، سلمان رشدی ان منفی قوتوں کا آلہ کار ہے جو مذہب کے نام پر فساد پھیلانے کی سازش کر رہی ہیں ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ سلمان رشدی کی ناپاک جسارت نے مسلمانوں کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے ۔ خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے ۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہر مسلمان کا دل نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سرشار ہے ۔
پرویزالٰہی نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ۔ محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے ، کسی بھی مہذب معاشرے میں انبیاء کرام کی شان میں گستاخی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ آزادی اظہار کی آڑ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی ہر گز برداشت نہیں ۔