کراچی: محکمہ صحت سندھ نے خواجہ سراؤں کی ویکسینیشن کا فیصلہ کرلیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈ دکھانے کی ضرورت نہیں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سندھ کی طرف سے صوبے بھر میں خواجہ سراؤں کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں خصوصی ٹیم مختلف علاقوں میں جاکر خواجہ سراؤں کی ویکسی نیشن کرے گی جبکہ کئی مقامات پر خود بھی خواجہ سرا جاکر ویکسینیشن کروا سکیں گے ۔
محکمہ صحت سندھ نے کہا ہے کہ خواجہ سراؤں کو سنگل ڈوز ویکسین لگائی جائے، ان کے گھروں کے قریب ویکسینیشن کیمپ لگائیں جائیں گے اور ان کے گھروں میں جاکر انہیں آگاہی دی جائے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ خواجہ سراوں کے ذریعے کرونا پھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں، 2017 کی مردم شماری کے مطابق خواجہ سراؤں کی تعداد 10 ہزار 418 ہے، جب کہ عام اندازے کے مطابق سندھ میں خواجہ سراؤں کی تعداد 5 لاکھ ہے۔