گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کو ایک ارب کا نوٹس بھیج دیا

07:23 PM, 13 Aug, 2021

کراچی: پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ زوہیب حسن نے  اپنی بہن کی موت کو قتل قرار دیتے ہوئےاشتیاق بیگ پر الزامات عائد کیے تھے کہ معروف پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کو مبینہ طور پر کھانے یا چائے میں زہر ملا کر دیا گیا۔

زوہیب حسن کے الزامات کے جواب میں نازیہ حسن کے شوہر اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔

نوٹس کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ’نازیہ حسن کی موت کا تصدیقی سرٹیفکیٹ برطانوی حکام نےجاری کیا تھا، جس میں موت کی وجہ کینسر بتائی گئی تھی ۔ 

اشتیاق بیگ نے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نازیہ سے بہت محبت تھی، اسی لیے انتقال کے بعد دوسری شادی بھی نہیں کی،  نازیہ کاانتقال کینسرکی وجہ سےہوا تھا۔

یاد رہے کہ مشہورگلوکارہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے آج اکیس برس بیت گئے۔

زوہیب حسن نے اپنی بہن کی اکیسویں برسی سے ایک روز قبل ایک نیا پینڈورا باکس کھولا اور گلوکارہ کے شوہر اشتیاق بیگ پر بہن کو زہر دے کر مانے کا الزام عائد کیا۔

زوہیب حسن نے دعویٰ کیا کہ ’نازیہ نے بستر مرگ پر برطانوی کورٹ کو آخری بیان لکھوایا ۔ جس میں انہوں نے اپنے شوہر پر زہر دینے کا الزام عائد کیا تھا‘۔ زوہیب حسن نے بتایا کہ نازیہ کی کیموتھراپی کی وجہ سے اشتیاق بیگ قتل کے الزام سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے تھے مگر میں اب اُن کو نہیں چھوڑوں گا اور قانونی کارروائی کروں گا۔ انہوں نے کہا نازیہ اپنی شادی کو کینسر سے تشبیہ دیتی تھیں، اس لیے انہوں نے پہلے ہی طلاق لے لی تھی۔

زوہیب حسن نازیہ حسن اور اشیاق بیگ کا مبینہ طور پر طلاق نامہ بھی منظر عام پر لائے۔

مزیدخبریں