قاہرہ : مصر میں بم دھماکے میں 8 فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر کے جزیرہ نماسینائی میں سڑک کنارے نصب بم اس وقت دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے فوجی قافلہ گزر رہا تھا۔دھماکا اتنا زور دار تھا کہ آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بم دھماکے میں 8 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ فوجی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ زخمیوں کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ اس علاقے میں داعش سمیت حزب التحریر اور دیگر شدت پسند جماعتیں حکومتی فورسز کو نشانہ بناتے ہیں۔ حالیہ چند ماہ سے سیاحوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔