امریکا نے افغانستان سے فوج نکال کر مسئلہ کھڑا کردیا ہے، برطانیہ

06:04 PM, 13 Aug, 2021

لندن : برطانیہ کے سیکرٹری دفاع بین والیس نے افغانستان سے فوجی انخلا کے امریکی فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سے افغان سرزمین شدت پسندوں کے ہاتھوں میں چلی گئی ہے۔

اسکائی نیوز ٹیلی وژن کو انٹرویو میں برطانوی سیکرٹری دفاع بین والیس نے کہا کہ امریکی فوجیوں کے انخلا کی واپسی سے افغانستان میں خلا پیدا ہوگیا ہے جسے اب شدت پسند پُر کر رہے ہیں۔ امریکا نے افغانستان میں ایک بڑا مسئلہ کھڑا کردیا ہے جس سے خطے کے امن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

 سیکرٹری دفاع بین والیس نے امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ طالبان کے دوبارہ سرگرم ہونے سے افغان سرزمین شدت پسندوں کی افزائش گاہ بن جائے گی۔

برطانوی سیکرٹری دفاع نے امریکا کو یاد دہانی کرائی کہ طالبان نے ہی نائن الیون سے قبل داعش کو محفوظ پناہ دے رکھی تھی اور اب طالبان کے افغانستان میں مضبوط ہونے سے وہاں القاعدہ فائدہ اُٹھا سکتی ہے اور دوبارہ منظم ہوکر عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

قبل ازیں سیکریٹری دفاع بین والیس نے  600 برطانوی فوجی اہلکاروں کو افغانستان بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فوجی دستہ افغانستان میں موجود برطانوی شہریوں کو ملک سے نکالنے میں مدد کریں گے جہاں شدت پسندوں نے کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

مزیدخبریں