راولپنڈی:پاکستان پولیس کی کارکردگی ہر گزرتے دن کیساتھ پہلے سے بہتر ہوتی جا رہی ہے ایسے کئی مقدمات تھے جس میں ملزمان تک پہنچنا پاکستان پولیس کیلئے انتہائی مشکل ہو جاتا تھا لیکن نت نئی ٹیکنالوجی اور جدید سہولیات کا استعمال کرتے ہوئے پولیس پہلے سے زیادہ کم عرصے میں ملزموں تک پہنچ رہی ہے ۔
نمائندہ نیو نیوز کے مطابق راولپنڈی پولیس نے 3 ماہ قبل اغوا ہونے والے چار سالہ بچے کو بلوچستان سے برآمد کرلیا، گرفتار ملزم عنایت اللہ نے بچے کی بہن کے شادی سے انکار پر اسے اغوا کیا تھا ۔
ذرائع پولیس کا کہنا تھا کہ چار سالہ صابر علی کو تین ماہ قبل تھانہ روات کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا، پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بچے کو بلوچستان کے علاقے جعفر آباد سے بازیاب کیا اور اغوا کار عنایت اللہ کو گرفتار کرلیا۔
ملزم کے ساتھی ہدایت اللہ کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں، پولیس نے بازیاب ہونے والے بچے کو بحفاظت والدین کے حوالے کردیا۔