اقبال ٹاؤن اور کھاڑک میں غیر قانونی تعمیرات عروج پر، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ہمانہ سعید کا موقف دینے سے انکار

02:26 PM, 13 Aug, 2021

لاہور (احمد قریشی) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے بائی لاز کی دھجیاں اڑا دیں، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ زون ٹو ہمانہ سعید اور ڈپٹی ڈائریکٹر سکندر ہارون کے ایریا علامہ اقبال ٹاؤن کے مختلف بلاکس اور کھاڑک کے علاقے میں بغیر نقشہ منظوری رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی غیر قانونی تعمیر کا سلسلہ بے بلا خوف جاری ہے جبکہ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ہمانہ سعید نے اس معاملے پر موقف دینے سے ہی انکار کر دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے کے افسران ہی ایل ڈی اے کے بائی لاز کی دھجیاں اڑاتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ اور یہی جہ ہے کہ ایل ڈی اے زون ٹو جس میں دھڑا دھڑ نقشہ کے منظوری اور ایل ڈی اے کے دیگر قوانین پورے کئے بغیر تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس کے برعکس قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کے نقشوں کی منظوری میں مختلف رکاوٹیں کھڑی کر کے انہیں چکر پہ چکر لگوائے جا رہے ہیں، ان کے نقشوں کے عوض لاکھوں روپے فیسیں جمع کرنے کے باوجود نقشے منظور نہیں کئے جاتے۔ 
ذرائع نے نئی بات کو بتایا کہ ایل ڈی اے شعبہ ٹاؤن پلاننگ زون ٹو کی ڈائریکٹر ہمانہ سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر سکندر ہارون، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عثمان بشیر، عمران مقبول نے کریم بلاک، علامہ اقبال ٹاؤن کے مختلف بلاکس اور کھاڑک تک غیر قانونی تعمیرات کروائیں۔ 


377378 نرگس بلاک علامہ اقبال ٹاؤن کی کمرشلائزیشن کئی سال سے جمع نہیں کروائی گئی اس کے باوجود اس عمارت کو سیل کیا اور نہ ہی کمرشلائزیشن فیس کی عدم ادائیگی کی صورت میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اسی طرح 141 راوی بلاک، 215 خیبر بلاک، 415 عمر بلاک رہائشی علاقہ میں سات کمرشل دکانیں اور ایک منزل کی تعمیر کروا دی گئی، اس کے علاوہ مین بلیوارڈ سبزہ زار بی بلاک، سبزہ زار ای بلاک پر غیر قانونی عمارت کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، اس حوالے سے جب ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ زون ٹو ہمانہ سعید سے موقف لینے کیلئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے صاف انکار کر دیا۔

مزیدخبریں