بیجنگ: چین کے صوبہ ہوبائی میں شدید بارشوں کی وجہ پیش آنے والے مختلف حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 21 تک پہنچ چکی ہے۔ حکام نے صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں سے تقریباً 6 ہزار افراد کو ریسکیو کرکے مختلف پناہ گاہوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق زیادہ تر اموات سوئی زو شہر کے علاقے لیولن میں ہوئیں۔ اس علاقے میں شدید بارشوں سے تقریباً 3 ہزار گھروں اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔ یہ پورا علاقہ پانی میں ڈوب چکا ہے۔ سیلابی ریلوں نے نظام زندگی درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور ٹیلی کمیونی کیشن کا نظام معطل ہے۔ لیولن سمیت پورے صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرکے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
ریسکیو کی ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے پورے علاقے کا چکر لگا رہی ہیں تاکہ سیلابی صورتحال میں پھنسے شہریوں کو بحفاظت محفوظ مقام تک پہنچایا جائے۔
چین کی وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ نے کہا ہے کہ صرف یچہنگ شہر میں 400 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے حکومت کو تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق ڈیموں میں پانی کا لیول خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ شدید بارشوں سے ناصرف انفراسٹرکچر تباہ ہوا بلکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی ملیا میٹ ہو چکی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث نقصانات کے ازالے کیلئے 17 ملین ڈالرز درکار ہونگے۔ بیجنگ کو تمام صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔