106 ممالک میں ثقافتی سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ

10:56 AM, 13 Aug, 2021

پنجاب بہت سی ثقافتوں کا مرکز ہے اور یہی پنجاب کی انفرادیت ہے۔ محبت، امن، بھائی چارے، یگانگت اور رواداری پنجاب کی ثقافت کے نمایاں رنگ ہیں اور ثقافت سے جڑی رہنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں۔پنجاب کی ثقافت ہمارے انتہائی مستعد، فعال اور سرگرم نوجوان وزیر ثقافت میاں خیال احمد کاسترو کی قیادت میں پروان چڑھ رہی ہے۔ وہ پنجاب کی ثقافت کو ترقی دینے اور اسے پورے ملک میں عام کرنے کیلئے دن رات لگن اور دلجمعی سے کام کر رہے ہیں۔ پنجابی ثقافت کے فروغ میں ان کا بڑا ہاتھ ہے۔
پنجاب کے وزیر ثقافت میاں خیال احمد کاسترو نے راقم الحروف کو بتایا کہ وطن عزیز کی ثقافت کو بالعموم اور پنجاب کی ثقافت کو بالخصوص فروغ دینے اور اپنی روایات کو زندہ رکھنے اور دنیا کو اس خوبصورت ثقافت سے روشناس کرانے میں خصوصی طور پر دلچسپی لی جارہی ہے۔اسی لئے پاکستان اور خصوصاً پنجاب کی ثقافت کے فروغ کے لئے دنیا کے 106 ممالک میں ثقافتی سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے جہاں ہماری ثقافت دنیا بھر میں پروان چڑھے گی وہاں ہماری طرف سے امن کا پیغام بھی جائے گا۔ 
اس حقیقت سے انکار نہیں کہ میاں خیال احمد کاسترو صاحب کی زبان و ادب و تہذیب و ثقافت میں خصوصی دلچسپی ہی کی  وجہ سے ”الحمراء“ معاشرتی بقا و استحکام کی پْرامن سوچ کو پروان چڑھاپایا ہے۔ان کی خواہش کے مطابق الحمراء نہ صرف پنجاب بلکہ چاروں صوبوں کی ثقافت سے روشناس کرانے کا باعث  بن رہا ہے۔  الحمراء گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کی ثقافت کو پنجاب میں عوام کے سامنے پیش کر رہا ہے۔ان تمام کایبابیوں میں الحمراء آرٹس کونسل‘ کو پنجاب حکومت کی مکمل سرپرستی حاصل رہی ہے۔ الحمراء پنجاب کی پہچان بن چکا ہے۔علم و ادب کے شعبے میں اس ادارہ کو خاص مقام حاصل ہے۔الحمراء نے پاکستان‘خصوصاً پنجاب کی تمام ثقافتی رنگوں کو یکجا کر کے دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے جس سے پائیدار ثقافتی استحکام کی بنیادیں مضبوط ہوئی ہے۔تہذیب و 
تمدن کے میدان میں نمائندہ ادارہ ہونے کے ناتے عالمی سطح پر بھی الحمراء‘پاکستان کے ترقی پسند تشخص کو عام کرنے کا موجب بنا ہے۔
 اس ادارے میں سالانہ پچاس کے لگ بھگ مختلف نمائشیں منعقد ہوتی ہیں جس میں ہزاروں نوجوان فنکار قومی دھارے میں شامل ہو کر اپنے ملک و قوم کی شان بڑھاتے ہیں۔ عوام ڈرامہ فیسٹیول، موسیقی کے مقابلے، آرٹ کی ورکشاپ کی سالانہ نمائشوں میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔ ادبی بیٹھک میں نامور شاعر اور ادیب اپنی تخلیقات پیش کرتے ہیں۔ روزانہ مشاعرے، ادبی محافل اور کتابوں کی رونمائی الحمراء کا خاصہ ہے۔ ادارے کی اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوان فنون لطیفہ کی تعلیم و تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
 الحمراء ڈرامہ، موسیقی، اداکاری، مصوری اور فنون لطیفہ سمیت بارہ شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ کورونا کے دوران بھی تین سو لیکچرز آن لائن دیئے گئے جس سے آرٹسٹ مستفید ہوئے۔ محکمہ ثقافت کے کیلنڈر کے مطابق الحمراء کے زیر اہتمام10روزہ تھیٹر فیسٹیول کا انعقاد ہو رہا ہے۔  جس میں ملک کے معروف تھیٹرگروپس اپنے ڈرامے پیش کریں گے۔ الحمراء تھیٹر فیسٹیول 5تا 14اگست پیش کیا جارہا ہے۔ مذکورہ فیسٹیول‘ ڈرامہ کی ترویج میں اہم پیش رفت ہوگا۔الحمراء آرٹس کونسل کی بچوں کے ادب میں بھی نمایاں خدمات ہے۔بچوں کے لئے آرٹ کی تربیتی ورکشاپ کا باقاعدہ انعقاد کر کے انکی صلاحیتوں کو نکھارا جا رہا ہے۔ بچوں کے لئے پتلی تماشا وڈرامے الحمراء کا باقاعدہ فیچر ہیں۔عوامی رنگوں کو عوامی اندازمیں پیش کرنے میں یہ ادارہ اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا۔الحمراء نوجوان نسل کو محبتوں کے رشتے ناتے، رت‘ رواج سے جوڑ رہاہے۔پنجاب کا ہر علاقہ ثقافتی حسن میں اپنی نظیر آپ ہے،اس حسن کا اظہار الحمراء کے پلیٹ فارم پر سال بھر جاری رہتا ہے۔
وزیر ثقافت میاں خیال احمد کاسترو کا کہنا تھا کہ ان کے محکمے نے اپنے آرٹسٹ کی فلاح و بہبود کا ہمیشہ خیال رکھا ہے۔ آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں الحمراء ،محکمہ اطلاعات و ثقافت کے شانہ بشانہ کام کر کے اپنے آرٹسٹوں کی عزت و وقار میں اضافہ کا باعث بنا ہے۔ آرٹسٹ کو مقام دینا زندہ قوموں کا شیوہ ہے۔
 ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء محترمہ  فرحت جبیں کا یوم آزادی کے حوالے سے کہنا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے۔اس کے تحفظ کے لئے ہمیں خلوص نیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھانا چاہیے۔ہم ادبی وثقافتی میدان میں ملک و قوم کا خوبصورت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔احسن اقدار کو سماجی رویوں میں شامل کرنے میں الحمرا اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا۔ یوم آزادی کی مناسبت سے 30فٹ لمبااور 64فٹ چوڑاسبز ہلالی پرچم الحمرا کی عمارت پر آویزاں کر دیا گیا ہے جس سے نہ صرف ملی جوش و خوش میں اضا فہ ہوگا بلکہ عوامی جذبہ حب الوطنی بڑھے گا۔لاہور آرٹس کونسل تحریک پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے وژن، وزیر اعلیٰ سردار عثمان احمد خان بزدار کی قیادت اور وزیر ثقافت میاں خیال احمد کاسترو کی رہنمائی میں پنجاب کی ثقافت فروغ پا رہی ہے۔اس ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کا کہنا ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ جیسا پروگرام نوجوان فنکاروں کو اپنی خداد داد صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کیلئے مؤثر پلیٹ فارم ہے اور اس پروگرام کے ذریعے فن موسیقی، فائن آرٹس، علم و ادب، دستکاری اور تھیٹر میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو آگے آنے کا بہترین موقع ملا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ثقافت کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔ ماضی میں شعبہ ثقافت کو نظر انداز کیاگیا۔نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور ہم اس سرمائے کی نہ صرف حفاظت کریں گے بلکہ انہیں ترقی کے نئے مواقع بھی فراہم کریں گے۔ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے بہترین اقدام ہے۔ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اس پروگرام مزید آگے بڑھانے ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ کی سرپرستی میں ملک کے تمام صوبوں کی ثقافتوں کے تہوار پر بھی پنجاب نے اپنے بڑے بھائی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

مزیدخبریں