انگلینڈ کے شہر پلیمتھ میں فائرنگ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی  

09:46 AM, 13 Aug, 2021

پلیمتھ: انگلینڈ کے شہر پلیمتھ میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے 6 شہری ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ دہشتگردی کے واقعے کے بعد پورے ملک کی سیکیورٹی کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ رات برطانوی شہر پلیمتھ کے جنوب مغربی علاقے میں پیش آیا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے شہریوں کی ہلاکت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے کربناک قرار دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں دو، خواتین، دو مرد جبکہ ایک 10 سال کا بچہ شامل ہے۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئے اور موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں صرف ایک شخص ملوث ہے جس کے دہشتگرد ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے، یہ اس کا ذاتی فعل تھا۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں فائرنگ کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ گزشتہ گیارہ سالوں میں یہ پہلا واقعہ ہے۔ معصوم شہریوں کی ہلاکت کے بعد پورے ملک کی فضا سوگوار ہے۔ لوگ سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

پولیس نے شہریوں کو پرامن رہنے اور گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیرِ داخلہ پریتی پٹیل نے کہا ہے کہ مقامی پولیس سے رابطے میں ہوں، شہریوں سے اپیل ہے پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزیدخبریں