اسلام آباد: صادق آباد واقعہ میں بچے کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر خارج جبکہ بھونگ مندر بحالی کے بعد ہندو برادری کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی طاہر محمود اشرفی نے بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک کے اندر وحدت، اتحاد کی موجود فضا بہتر سے بہتر ہو رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی پوری توجہ ملک کے اندر وحدت، اتحاد اور بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کا ضابطہ اخلاق جاری کیا جا چکا ہے جس پر تمام مسالک کے اکابرین کے دستخط موجود ہیں، پورے ملک کے اندر ایک بہترین فضا قائم ہے جس کی بنیاد اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں ہے، تمام مسالک کے مقدسات محترم ہیں، کسی کو بھی ملک کے اندر تکفیر اور توہین کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، مساجد، امام بارگاہوں میں جیسے احتیاط کی ہے، اپیل کرتا ہوں کہ کورنا وائرس سے بچائو کے لئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، ہندوستان سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے بچنے کی کوشش کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے چار رابطہ دفاتر کام کر رہے ہیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں ہمارے واٹس ایپ نمبر پررابطہ کیا جا سکتا ہے، سوشل میڈیا کے حوالے سے بہت اہم یہ ہے کہ اگر آپ کے پاس کوئی اطلاع یا خبر آتی ہے تو آپ کو اس کی تصدیق کرنی چاہیے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہمارا دشمن چاہتا ہے کہ ہمارے ملک میں فساد پھیلے، پڑوس میں افغانستان کی حکومت اپنا نظام سنبھالنے کی بجائے پاکستان پر الزام تراشی کر رہی ہے ، ہم افغانستان کو بھائی سمجھتے ہیں، افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان میں امن ہو گا، اس وقت پاکستان سفارتی طور پر تنہا نہیں ہے، تمام بلاد اسلامی پاکستان کے موقف کے ساتھ ہیں، او آئی سی کا وہی موقف ہے جو پاکستان کا موقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ صادق آباد میں ہونے والے مندر واقعہ میں 8 سالہ کم سن بچے پر درج ہونے والی ایف آئی آر خارج کر دی گئی ہے، جن لوگوں نے پرچہ دیا ان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے، مندر بحال کر کے ہندو برادری کے حوالے کر دیا گیا ہے، یہ تمام کام دو دن کے اندر ہی ہوئے ہیں، انشاء اللہ آنے والے دنوں میں خود بھی وہاں جائوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے اندر خطبات جمعہ میں سیدنا امام حسین کو نذرانہ عقیدت پیش کیا جائے گا، سیدنا عمر بن خطاب کی شہادت پر فضائل بیان ہوں گے، سوشل میڈیا پر افواہ سازی کے شر کے حوالے سے بھی خطبات میں بتایا جائےکہ کس طرح ہندوستان، اسرائیل اور یہاں پر کچھ لوگ جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں، یہ پاکستان کے دوست ہیں یا اسرائیل کے ہیں، ہمارا دوست تو فلسطین ہے، اگر اسرائیلی اخبار جھوٹی خبر جاری کرے جس کی ہم نے یہاں بیٹھ کر تردیدیں جاری کی ہوں، اور پتہ چلے کہ ہمارے پاکستان سے کچھ لوگ اس کو پھیلا رہے ہیں۔
شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ عارف واحدی نے کہا کہ تمام مسالک کے لوگ نواسہ رسول ۖ کی یاد اپنے اپنے انداز میں منا رہے ہیں، تمام مسالک کے علمائ، واعظین کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، یہ اللہ کی نعمت ہے، ہم نے اس میں امن و امان اور سلامتی کو قائم رکھنے کے لئے، اتحاد و وحدت کو فروغ دینے کے لئے بڑا کردار ادا کرنا ہے، ہم سب مل کر اسی اتحد و وحدت کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔