کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں بارشوں کے ایک اور اسپیل کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 15 اگست کے بعد سے تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہفتے کی شام سے بادل برسیں گے اور بارش کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سسٹم بھارت سے پاکستان میں داخل ہو گا۔ لسبیلہ، ژوب، بارکھان اور خضدار میں بھی بادل برسیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا تھا اور کورنگی کازوے کو بارش کا پانی جمع ہونے کے بعد ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔بارش کے بعد وزیراعلیٰ ہاوَس کے اطراف سڑک پر پانی جمع ہوگیا تھا۔ وزیراعلیٰ ہاوس کی طرف جانے والی سڑک کو بیریئرلگ کر ٹریفک کےلیے بند کردیاگیا تھا۔بارش کے بعد ضلع وسطی میں کے ڈی اے چورنگی پر بھی پانی جمع ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا پڑا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تھی۔
گزشتہ ہفتے بارش کے بعد کراچی میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا تھا اور نظام زندگی ابتر ہو کر رہ گیا تھا جب کہ بجلی کی عدم فراہمی نے صورتحال کومزید گھمبیر بنا دیا تھا۔ بارش کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں پہ پانی جمع ہو گیا تھا۔