اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے رواں سال پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 5 منصوبوں پر کام شروع ہو گا۔
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 5 منصوبوں پر کام شروع ہو گا۔ ہم نے عام طبقے کو شاہراہوں پر بہترین سہولیات دینی ہیں اور ہم نے مغروبی روٹس پر کام تیز کرنا ہے۔انہوں ںے کہا کہ موٹروے پولیس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور حکومت نے موٹروے پولیس کی استعداد میں اضافہ کیا۔ موٹروے پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس دیگر اداروں سے بہتر ہیں جبکہ موٹروے پولیس نے فورس کم ہونے کے باوجود بہترین کام کیا۔
مراد سعید نے کہا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے کے 300 کلومیٹر ٹریک پر کام شروع ہو چکا ہے اور یہ پبلک پارٹنر شپ کے تحت ہی مکمل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہر منصوبے کے پی سی ون میں موٹروے پولیس کی ضروریات کو بھی شامل کیا جائے گا اور سیالکوٹ موٹروے پر بھی جلد موٹروے پولیس تعینات ہو گی۔
وفاقی وزیر نے کورونا وائرس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کیا جبکہ حکومت نے بیماری اور غربت سے بچاوَ کے اقدامات کیے۔انہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال میں غریب طبقے کو ریلیف دینا اہم چیلنج تھا جبکہ ہمیں مستقبل میں بھی کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا۔