نو منتخب اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

08:48 AM, 13 Aug, 2018

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے15ویں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کا آغاز قومی ترانے سے ہوا اور تمام اراکین نے بصد احترام کھڑے ہو کر قومی ترانہ سنا جس کے بعد تلاوت کلام پاک کی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اجلاس کے آغاز میں نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی اور حلف کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے 15 اگست کی تاریخ کا اعلان کیا اور طریقہ کار بھی بتایا۔

اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا جس کے بعد اراکین کی جانب سے دستخط کا سلسلہ جاری ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کی سفارش پر صدر مملکت نے 13 اگست کو بلانے کی منظوری دی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شفقت محمود، شہبازشریف، رانا ثناءاللہ،  نوید قمر اور دیگر اراکین قومی اسمبلی میں موجود تھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلی بار قومی اسمبلی میں آئے اور انہوں نے عمران خان کی نشست پر جا کر ان سے ملاقات کی جب کہ دونوں رہنماؤں نے ایک ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ سطحی وفدکی سپیکر ایاز صادق سے ملاقات

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلی بار قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیں گے جب کہ سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم راجہ پرویزاشرف، محمدمیاں سومرو، سابق وزرائے اعلیٰ شہباز شریف، پرویز خٹک اور قومی اسمبلی کے دو سابق اسپیکر فہمیدہ مرزا اور فخرم امام بھی حلف اٹھائیں گے۔

قوم پرست رہنما سردار اختر مینگل بھی طویل عرصے بعد قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھائیں گے جب کہ نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے شاہ زین بگٹی بھی آج قومی اسمبلی کا حصہ بنیں گے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر بھی قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھائیں گے۔ وہ قومی اسمبلی میں اسپیکر کے امیدوار نامزد ہیں۔

خیال رہے 16 اگست کو وزیراعظم کا انتخاب کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے مشروط ہو گا۔ 16 کی صبح کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تو شام میں وزیر اعظم کا انتخاب ہو گا اور دوسری صورت میں یہ انتخاب 17 اگست کی صبح ہوگا۔

 یہ خبر بھی پڑھیں: اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ مل کر چلنا چاہیے، فواد چوہدری

نو منتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ایوان صدر میں منعقد کی جائے گی۔ جنرل نشستوں کےبعد خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں بھی سیاسی جماعتوں کو الاٹ کردی گئیں۔

ادھر سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس بھی آج طلب کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس 15 اگست کو ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں