لاہور:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اپریل کو لاہور میں فلسطین یکجہتی مارچ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ کراچی کی شاہراہِ قائدین پر "اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" سے خطاب کر رہے تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کراچی میں عظیم الشان مارچ نے نہ صرف عالم اسلام کو پیغام دیا بلکہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اظہار بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آخری حد تک ساتھ نبھائیں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ حکمران بے حسی کا شکار ہیں، اگر بیس ہزار بچوں اور اتنی ہی خواتین کی شہادت انہیں نہ جگا سکی تو پھر شاید کوئی اور چیز بھی انہیں جھنجھوڑ نہ سکے۔
مولانا نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے تسلیم کرنا کسی طور ممکن نہیں۔ انہوں نے امریکا اور یورپ کو فلسطینیوں کے قتل عام کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اب عالم اسلام کو متحد ہوکر اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، چاہے وہ سیاسی طبقہ ہو یا بیوروکریسی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میدان میں آکر ظلم کے خلاف علم بلند کریں۔
جلسے کے اختتام پر نعرے بازی کی گئی: "قاتل قاتل نیتن یاہو قاتل" اور "نیتن یاہو کو پھانسی دو" جیسے فلک شگاف نعرے فضا میں گونجتے رہے۔