جنرل عاصم منیر سے امریکی وفد کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی و تعاون پر تبادلہ خیال

جنرل عاصم منیر سے امریکی وفد کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی و تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں وفد نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کی مسلح افواج کی اہم خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی کانگریسی وفد کی قیادت جیک برگمین نے کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے موضوعات خصوصاً علاقائی سیکیورٹی اور دفاعی روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے باہمی احترام، مشترکہ اصولوں اور تزویراتی مفادات کی بنیاد پر مستقل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وفد نے پاکستان کی قربانیوں اور عسکری کامیابیوں کو سراہتے ہوئے، خاص طور پر سیکیورٹی، اقتصادی ترقی، تجارت اور سرمایہ کاری کے میدان میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جنرل عاصم منیر نے امریکی وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امریکہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کو دہرایا۔

ملاقات کے دوران آئی ٹی کے شعبے میں تربیت و مہارت کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔