ایران میں آٹھ پاکستانیوں کے قتل پر پاکستان کا شدید ردعمل، قونصلر رسائی کا مطالبہ

ایران میں آٹھ پاکستانیوں کے قتل پر پاکستان کا شدید ردعمل، قونصلر رسائی کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان نے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے آٹھ پاکستانی شہریوں کی شناخت کے لیے ایرانی حکام سے قونصلر رسائی کا باضابطہ مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق واقعہ پاک ایران سرحد سے تقریباً 230 کلومیٹر دور مہرستان کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ایک ورکشاپ پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 8 پاکستانی میکانکس کو نشانہ بنایا۔ جاں بحق افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے بتایا گیا ہے۔

دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ ایران مکمل تعاون کرے گا۔ پاکستانی حکام نے متاثرہ افراد کی شناخت اور واقعے کی تفصیلات جلد شیئر کیے جانے کی یقین دہانی بھی مانگی ہے۔

پاکستان نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس افسوسناک واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور ایران سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔