صدر ٹرمپ اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھانے کے اہل ہیں:وائٹ ہاؤس

09:09 PM, 13 Apr, 2025

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سالانہ طبی معائنے کے نتائج کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔

جمعہ کے روز صدر ٹرمپ کا ذہنی اور جسمانی صحت کا معائنہ کیا گیا۔ معائنے کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جسمانی اور ذہنی معائنے کے نتائج اچھے ہیں اور ان کا دل اور دماغ بہترین حالت میں ہیں۔

ٹرمپ نے کہا، "مجموعی طور پر میں نے خود کو بہت بہتر محسوس کیا۔ میں نے سوچا کہ مجھے بائیڈن سے مختلف ہونا چاہیے، اس لیے میں نے ذہنی معائنہ بھی کروایا اور تمام سوالات کے درست جوابات دیے۔"

وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل طور پر صحت مند ہیں اور بطور کمانڈر ان چیف اور سربراہ مملکت اپنے فرائض انجام دینے کے لیے پوری طرح سے اہل ہیں۔

رپورٹ میں کچھ معمولی مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی، جن میں سورج کی روشنی کے باعث جلد کو پہنچنے والے نقصان اور گزشتہ جولائی میں قاتلانہ حملے کے دوران دائیں کان پر گولی لگنے کے بعد کا نشان شامل ہے۔

اگرچہ ماضی میں صدر ٹرمپ کی صحت کے حوالے سے شفافیت پر سوالات اٹھائے گئے تھے، تاہم وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر کے معالج ڈاکٹر شان باربابیلا نے مکمل جائزہ لیا ہے اور تفصیلی رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔

مزیدخبریں