اوورسیز پاکستانی پاکستان کی معیشت کا فخر ہیں: عطا تارڑ

07:29 PM, 13 Apr, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری ہے، مگر کچھ مخصوص عناصر کو یہ کامیابی برداشت نہیں ہو رہی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اوورسیز پاکستانی کنونشن کا انعقاد شاندار انداز میں جاری ہے، جس کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قابلِ قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جو ہر سال اربوں ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیج کر معیشت کو مستحکم کرتے ہیں۔

عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ جب بھی پاکستان میں مثبت پیشرفت ہوتی ہے، کچھ مفاد پرست گروہ متحرک ہو جاتے ہیں تاکہ اچھے کاموں کو متنازع بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اقدامات سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور “اڑان پاکستان” منصوبے کے تحت ہم مزید بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ ہیں، اور ان کی آمد سے کچھ حلقے پریشان ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ ملک کی حقیقی ترقی سے خائف ہیں۔

عطا تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین ماحول موجود ہے اور حکومت اس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزیدخبریں