پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گزشتہ شب پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی کے دوران تین دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، خفیہ اطلاع ملنے پر خان خیل مندزئی کے جنگلات میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں کا سامنا 20 سے 25 دہشتگردوں سے ہوا۔
دو گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ اس کارروائی میں امن کمیٹی کے اراکین اور مقامی افراد بھی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ موجود تھے۔
فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تین دہشتگرد موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد زخمی ہو کر علاقے سے فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ مفرور دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا سکے اور مکمل سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔