مریم نواز کی ترکیہ کے نائب صدر سے ملاقات، تعلیم و معیشت میں اشتراک پر اتفاق

02:20 PM, 13 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

استنبول: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، تجارت اور ہنرمندی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ ملاقات ترکیہ میں جاری ڈپلومیسی فورم 2025 کے موقع پر سائیڈ لائنز پر ہوئی، جہاں جودت یلماز نے فورم میں شرکت پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ دلچسپی کے امور، خاص طور پر معاشی امکانات، مشترکہ تعلیمی منصوبے، گلوبل اسکل میپنگ، اور ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

 مریم نواز نے پنجاب میں تعلیم و ہنر کے فروغ سے متعلق اپنے وژن اور منصوبوں سے نائب صدر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان محض دوست نہیں بلکہ بھائی ہیں، اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان گہرے جذباتی تعلقات ہیں۔ اس موقع پر مریم نواز نے نائب صدر جودت یلماز کو پنجاب کے دورے کی دعوت بھی دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نائب صدر کیلئے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔

مزیدخبریں