اسلام آباد: ایران کے صوبے سیستان کے علاقے مہرستان میں 8 پاکستانی شہریوں کے بےدردی سے قتل کے واقعے پر پاکستان کے دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس افسوسناک واقعے سے باخبر ہیں اور ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ واقعے کی مکمل تفصیلات اور حقائق سامنے آنے کے بعد ہی باضابطہ تبصرہ کیا جائے گا، تاہم تہران میں پاکستانی سفارتخانہ اور زاہدان میں موجود قونصل خانہ ایرانی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے اس افسوسناک واقعے کی مکمل معلومات حاصل کی جا رہی ہیں اور جلد حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بہیمانہ اور قابلِ مذمت عمل قرار دیا۔ انہوں نے وزارت خارجہ کو متاثرہ خاندانوں سے فوری رابطے کی ہدایت دی اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو مقتولین کی میتوں کی بحفاظت وطن واپسی کے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔