اسلام آباد : ایران کے صوبہ سیستان کے علاقے مہرستان میں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں 8 پاکستانی باشندوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ اس سانحے پر وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کا قتل نہایت افسوسناک اور تشویشناک ہے، دہشتگردی کا ناسور پورے خطے کے لیے تباہ کن ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے ممالک کو دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔
شہباز شریف نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائے اور اس بربریت کی مکمل وجوہات عوام کے سامنے پیش کرے۔ وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے فوری رابطہ کرے اور ایران میں موجود پاکستانی سفارتخانے کو مقتولین کی میتیں باحفاظت وطن واپس لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ ابھی تک قتل کی وجوہات واضح نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور پاکستانی حکام ایرانی حکومت سے قریبی رابطے میں ہیں۔