سانحہ نوشکی کا بدلہ ہر صورت لیں گے، جب تک ایک بھی دہشت گرد باقی ہے ہم لڑیں گے: سرفراز بگٹی

05:49 PM, 13 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سانحہ نوشکی کا بدلہ ہر صورت لیں گے۔دہشت گردوں کو رعایت نہیں ملے گی۔ صوبے کی سڑکوں پر سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔ 

سانحہ میں جاں بحق 9 افراد کی نمازجنازہ  پولیس لائن  میں ادا  کی گئی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان  سرفراز بگٹی ، کور کمانڈر کوئٹہ ،آئی جی بلوچستان سمیت اعلیٰ حکام  نماز جنازہ میں شریک  ہوئے  جس کے بعد میتوں کو آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا۔، کوئٹہ سے تفتان جانےوالی بس سے 9مزدوروں کوشناختی کارڈ چیک کرکے اغوا کیا گیا پھر انہیں قتل کردیا گیا۔

   قتل کئے گئے مزدوروں کا تعلق منڈی بہاؤ الدین،گوجرانوالہ اور وزیرآباد سے ہے۔  9 مزدوروں  کی لاشیں قریبی پہاڑی کے قریب پل کے نیچے سے ملی  تھیں۔ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز  کا  علاقے میں سرچ آپریشن  جاری ہے۔

نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے پیچھے جائیں گے اور دہشت گردوں کو دہشت گرد ہی پکارا جائے۔ دہشت گرد کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی۔ قوم پرستی کے نام پر دہشت گردی کی جا رہی ہے۔ جب تک ایک بھی دہشت گرد باقی ہے ہم لڑیں گے۔ 

مزیدخبریں