پشین: پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے پشین جلسے سے خطاب کے دوران کارکنوں کو مولانا فضل الرحمن کے خلاف ڈیزل ڈیزل کے نعرے لگانے سے روکتے ہوئے کہا کہ ہماری ان سے بات چیت چل رہی ہے۔
پشین میں اپوزیشن اتحاد "تحریک تحفظ آئین پاکستان" کے پہلے جلسے سے خطاب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ جلسہ گاہ پر آنے والے راستوں پر جگہ جگہ ناکے لگاکر سیاسی کارکنوں کو جلسے سے روکا گیا۔ جلسہ افسر شاہی کے خلاف اعلان جنگ ہے، جعلی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت قائم رہنے والی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قائدین کو قید کرنے والے ہمارے روح پر قابض نہیں ہوسکتے، عوام کے سیلاب کے آگے پل نہیں باندھے جاتے۔عمران خان نے قوم کو حقیقی آزادی کی سوچ دی، پاکستان میں آئین اور قانون کا گلا گھونٹا گیا۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں احتجاج کے لیے دلیر لوگ درکار ہیں، تاریخ دلیروں کو نہیں بھولتی، قوم کی آزادی چاہنے والے ہمارا ساتھ دیں، پی ٹی آئی لاہور میں تاریخی احتجاج کرے گی۔