سیکیورٹی فورسز کا بونیر میں آپریشن، دو جوان شہید ، دہشتگردوں کا سرغنہ ہلاک

سیکیورٹی فورسز کا بونیر میں آپریشن، دو جوان شہید ، دہشتگردوں کا سرغنہ ہلاک


راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک اور اس کے دو ساتھیوں کو زخمی کر دیا، جبکہ پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔  

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بونیر میں آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک اور 2 دہشتگرد زخمی ہوئے جبکہ دہشتگردوں سے مقابلے میں 2 بہادر جوان بھی شہید ہوگئے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق سلیم عرف ربانی دہشت گردی کی متعددکارروائیوں اورشہریوں سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہا،حکومت نے دہشت گردوں کے سرغنہ سلیم عرف ربانی کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقررکر رکھی تھی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حوالدار مدثر محمود شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے،  انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور 2 بیٹے چھوڑے۔ جبکہ لانس نائیک حسیب جاوید شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ سے ہے اور سوگواران میں والدین،اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔