اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے نوشکی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے نوشکی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لرزہ خیز واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
شہبازشریف نے مقتولین کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ رنج کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، دہشتگردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
خیال رہے کہ کوئٹہ سے تفتان جانے والی بس کو روک کر نو مسافر وں کو قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلح ملزمان نے بس روک کر مسافروں کو اغوا کیا اور اس کے بعد انہیں گولیاں مار کر قتل کردیا، تمام لاشیں نوشکی کے پہاڑی علاقے میں پل کے نیچے ے ملیں، مقتولین کے جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں ماری گئیں۔
ایس پی نوشکی کا کہنا تھا کہ جاں بحق 9افراد کا تعلق منڈی بہاوالدین اور گوجرنوالہ سے تھا،جاں بحق ہونے والے مزدور تھے اور وہ کوئٹہ سے تفتان جا رہے تھے۔