اسلام آباد : ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق سپیکر اسد قیصر غلط کہہ رہے ہیں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی رولنگ بالکل درست تھی ۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسد قیصر نے کوئی رولنگ نہیں دی تھی ۔ قاسم سوری نے رولنگ دی تھی اور درست دی تھی کہ سائفر کی تحقیقات ہونی چاہیے اور یہ انتہائ اہم ہے کہ پاکستان کے معاملات میں غیر ملکی مداخلت نہ ہو۔ یہ رولنگ اب بھی اہمیت رکھتی ہے اور غیر ملکی مداخلت پر تحقیقات ہونی ہے۔
واضح رہے کہ سابق سپیکر اسد قیصر نے آج "وی نیوز" کو انٹریو میں کہا تھا کہ اپریل میں ہماری رولنگ غلط تھی ۔ قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر پارٹی میں مختلف آرا تھیں ۔ اس وقت اپنی رائے ظاہر نہیں کروں گا لیکن پارٹی جب فیصلہ کرلے اس کو تسلیم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شاید قومی اسمبلی سے استعفیٰ نہ دے کر مؤثر آواز بن سکتے تھے لیکن ہم نے استعفی دے کر قومی اسمبلی کی قانونی حیثیت ہی ختم کردی۔ اس وقت قومی اسمبلی میں عوامی نمائندگی موجود ہی نہیں۔