اسلام آباد : قومی اسمبلی نے انتخابی اخراجات کی فراہمی سے متعلق بل مسترد کر دیا ہے جبکہ سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ کے لیے کل ان کیمرہ اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کے لیے فنڈز کی فراہمی کا بل مسترد کیا گیا ہے۔ یہ بل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیش کیا تھا جسے ارکان نے کثرت رائے سے مسترد کیا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے وفاقی حکومت کو یہ حکم دیا تھا کہ دونوں صوبوں میں انتخابی اخراجات کی مد میں الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے ادا کیے جائیں۔
دوسری طرف سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ملک میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ کے لیے کل دوپہر ڈھائی بجے اِن کیمرا اجلاس طلب کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آرمی چیف سمیت دیگر فوجی قیادت کو دہشتگردی کے خلاف نئے آپریشن پر بریفنگ کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ یقین دلاتا ہو وزیرستان کے ارکان کے (سکیورٹی صورتحال سے متعلق) خدشات کی شنوائی ہوگی اور سنجیدگی سے جواب دیا جائے گا۔
کل قومی اسمبلی کے اجلاس کو ان کیمرا بریفنگ دی جائے گی اور اگر ارکان چاہیں گے تو سکیورٹی حکام سے سوالات کر سکیں گے۔ خرابی کو ٹھیک کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔