سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد

مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ نےسابق وزیراعظم تنویر الیاس کی نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

چیف جسٹس راجا سعید اکرم کی سربراہی میں فل کورٹ نے درخواست پر سماعت شروع کی تو سابق وزیراعظم کی قانونی ٹیم نے کہا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ ’آئینی دفعات کی خلاف ورزی اور انصاف کے وضع کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپیل کنندہ (تنویر الیاس) کو ان کے وکیل کے توسط سے سنوائی اور دفاع کا مناسب موقع فراہم نہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس راجا سعید اکرم نے ریمارکس دیے کہ جب تنویر الیاس نے واضح طور پر توہین عدالت کا اعتراف کیا تھا تو پھر انہیں مجرم قرار دینے کے لیے ہائی کورٹ کو اور کس چیز کی ضرورت تھی؟

خیال رہے کہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے ایک روز قبل سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت پر سزا سنا کر نااہل کیا تھا جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں گزشتہ روز  اپیل دائر کی تھی۔ آزادکشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔