وزیر اعظم شہبا زشریف کے سی پیک سے متعلق بیان پر چین کا ردعمل بھی آگیا

09:19 PM, 13 Apr, 2022

بیجنگ : چین  نے کہاہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے ، سی پیک کی اعلی ٰمعیار کی ترقی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا،وزیراعظم شہباز شریف کے سی پیک سے متعلق بیان پر  رد عمل دیتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے  ترجمان  نے کہا کہ سی پیک پر پاکستانی وزیراعظم کے ریمارکس کو نوٹ کیا،چین پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے،چینی وزارت خارجہ کا مزید کہناتھا کہ سی پیک کی اعلی معیار کی ترقی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کے بارے میں وزیراعظم شہباز شریف کے بیان کی بے حد تعریف کرتے ہوئے  وزارت خارجہ کے ترجمان ژائو لی جیان نے بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران کہاکہ چین نے وزیراعظم شہباز شریف کے سی پیک کے حوالے سے بیان کو بے حد سراہا ہے۔انہوں نے کہاکہ راہداری کی اعلی معیار کی ترقی کے لئے تمام کوششوں کی جائیں گی اور اسے دونوں ملکوں کے درمیان ایک راستہ ایک منزل کے لئے ایک مثالی منصوبہ بنایا جائے گا۔

  ژائو لی جیان نے کہا کہ سی پیک کے آغاز سے اب تک اس راہداری نے پاکستان کی معاشی ترقی اور پاکستانیوں کے لئے روزگار کے مواقع بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ادھر چین کے وزیر اعظم لی کی چھیانگ نے نو منتخب  پاکستانی وزیرا عظم شہباز شریف کے نام مبارکباد کا پیغام بھیجاہے ۔

چینی میڈ یا کے مطا بق لی کی چھیانگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے منفرد سٹریٹیجک شراکت دار ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دوستی عالمی صورتِ حال میں آنے والی ہر تبدیلی کے باوجود مضبوط اور اٹوٹ رہی ہے،بین الاقوامی اور علاقائی صورت حال میں رونما ہونے والی  پیچیدہ تبدیلیوں  اور کووڈ19وبا  کے پیش نظر، چین اور پاکستان نے مل کر مشکلات پر قابو پانے کیلئے ایک دوسرے  کا ساتھ دیا اور اور آہنی دوستی نے مسلسل  فروغ پایا ہے۔

 پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہبازشریف کیساتھ روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے، اعلی معیار کی چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر، دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہتی عملی تعاون کو گہرا اور وسعت دینے اور  نئے دور میں مزید قریب چین پاکستان ہم نصیب معاشرے  کی تکمیل کو تیز بنانے کے خواہاں ہیں،اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا بلکہ خطے اور دنیا کے استحکام اور ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان قومی استحکام و ترقی  میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔

مزیدخبریں