لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے سابق سینئر صوبائی وزیر پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن علیم خان کو پارٹی میں واپسی کی دعوت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ اور علیم خان کے درمیان جھگڑا ہوا ہے، میری ہمدری علیم خان کی طرف ہے۔انہوں نے علیم خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی وقت ہے آپ واپس آ جائیں، آپ جچتے ہی پی ٹی آئی میں ہیں۔
واضح رہے کہ سابق سینئر صوبائی وزیر پنجاب علیم خان اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز شریف کے درمیان جھگڑے کی خبریں سامنے آئی تھیں تاہم علیم خان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے چوہدری پرویز الٰہی کا پروپیگنڈا قرار دیدیا ہے۔
علیم خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’پرویز الٰہی صاحب کو اپنی ہار نظر آ رہی ہے۔ ان کو پتہ چل چکا ہے کہ شکست ان کا مقدر بن چکی ہے تو وہ بھونڈی حرکتوں پر آ گئے ہیں۔ حمزہ کے ساتھ میرا بہت ہی اچھا محبت اور عزت کا رشتہ ہے۔ وہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہو گی۔ ‘
ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا ’پرویز الٰہی صاحب کو چاہئے کہ اپنی شکست تسلیم کر لیں۔ الیکشن کے میدان میں آئیں۔ انہیں ایسی حرکتیں کرنے کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔‘