لاہور: پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے رواں سال عید الفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کے اجراء کے حوالےسے تاحال کوئی فیصلہ نہ ہو سکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے اس سال عید الفطر سے قبل نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم شہری بینکوں سے نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے منتظر ہیں تاکہ امسال عید الفطر کے پر مسرت موقع پر کرارے نوٹوں کی عیدی بانٹ سکیں۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے گزشتہ سال کورونا وائرس کے باعث نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء روک دیا تھا، فیصلہ بینکوں میں سماجی فاصلہ رکھنے اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔تاہم رواں برس کورونا کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد شہریوں کو امید ہے کہ نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء ہو گا ۔ تاہم فی الوقت مرکزی بینک نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔