احتجاجی مظاہرین کے تشدد سے ایک اور پولیس اہلکارشہید ہوگیا

11:22 PM, 13 Apr, 2021

لاہور: احتجاجی مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہونے والا ایک اور  پولیس اہلکار شہید ہو گیا جس کے بعد شہدا کی تعداد دو ہو گئی ہے اور 97 جوان زخمی ہوئے ہیں۔

 ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہےکہ کانسٹیبل علی عمران مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہوا اور دوران علاج میو اسپتال میں دم توڑگیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق لاہور میں مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس جوانوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے  جبکہ مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں میں اب تک 97 جوان زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ لاہور میں گزشتہ روز پرتشدد مظاہرے کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے  ۔شہید کانسٹیبل محمد افضل تھانہ گوالمنڈی میں تعینات تھا۔ شاہدرہ موڑ آپریشن میں دوران احتجاج شہید ہوا۔ 

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور غلام محمود ڈوگر  کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں مظاہرین کے پتھراؤ سے پولیس کانسٹیبل افضل شہید ہوئے۔

سی سی پی او نے بتایا کہ مظاہرین کے تشدد اور پتھراؤ سے 74 زخمی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔ مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔

ڈیرہ غازی خان میں غازی گھاٹ کے قریب پولیس اور مذہبی تنظیم کے کارکنان میں جھڑپ ہوئی اور مظاہرین کے پتھراؤ سے 21 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد میں احتجاج کے دوران راہگیر کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ کھڑیانوالہ میں درج کر لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں