گوجرانوالہ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ایم ایس نے احتجاجی مظاہرین کے تشدد کے باوجود آکسیجن کی گاڑی چھڑوا کر ہسپتال پہنچادی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے آکسیجن کی گاڑی آئی تو چن دا قلعہ بائی پاس پر مظاہرین نے روک لیا ، اس موقع پر موٹروے پولیس اور انتظامیہ کے تعاون سے گاڑی کو وہاں سے نکالا۔
ایم ایس ڈاکٹر فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ مظاہرین میں سے کچھ لوگوں نے ان پر تشدد کیا تھپڑ مارے اور بدتمیزی بھی کی لیکن میں بار بار درخواست ہی کرتا رہا اوربالاآخر مظاہرین سے گاڑی چھڑالی ۔
ایم ایس نے بتایا کہ اسپتال میں 150 مریض آکسیجن پر تھے اور آکسیجن بروقت نہ پہنچتی تو کئی مریضوں کی زندگی کو خطرہ ہوسکتا تھا جبکہ راستوں کی بندش سے ڈی ایچ کیو اسپتال میں آکسیجن کی قلت ہوگئی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سے ایک مذہبی تنظیم کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اور دھرنے جاری ہیں جبکہ متعدد شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جس میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
گزشتہ روز بھی سڑکوں کی بندش کے باعث مختلف شہروں میں ایمبولینسز بھی پھنسی رہی جبکہ لاہور میں بھی اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔