اسلام آباد: مذہبی جماعت کی جانب سے جاری احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹوں کیلئے موبائل سروس معطل کردی گئی ہے۔ موبائل سروس وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد بند کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران فیض آباد، روات، ترامڑی اور ترنول پھاٹک کے علاقوں میں موبائل سروس معطل رہے گی۔
خیال رہے کہ مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کے نتیجے میں اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سڑکیں بند اور بد ترین ٹریفک جام جاری ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک کے بڑے شہروں میں انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان قائم رکھنے اور ٹریفک بحال کرنے میں بری طرح ناکام رہے جس کے سبب مظاہرین نے خوب دل کی بھڑاس نکال لی اور جو سامنے آیا اس پہ حملہ کردیا۔
ذہبی جماعت کی جانب سے جڑواں شہروں میں احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ اسلام آباد پولیس نے بہارہ کہو میں آپریشن کیا مگر مری جانے والی سڑک نہ کھلوائی جاسکی۔
اسلام آباد پولیس نے اٹھال چوک سے مظاہرین کو منتشر کیا لیکن مظاہرین نے دوبارہ جمع ہوکر پتھراؤ شروع کردیا۔ فیض آباد کو ممکنہ احتجاج کے باعث کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ لیاقت باغ اور ترنول میں مظاہرین نے گزشتہ روز سے سڑک بلاک کر رکھی ہے۔ مظاہرین کی جانب سے روات ٹی چوک پر بھی احتجاج جاری ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں مگر ٹریفک جام نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔