لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان فٹ ہو گئے ہیں اور جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرے ٹی 20 میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ کیلئے ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے فخرزمان کی جگہ شرجیل خان کو اور حارث رؤف کی جگہ محمد حسنین کو موقع دیا گیا تھا۔ ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حارث روف کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں لائے ہیں جبکہ فخر زمان کے پاؤں میں الرجی ہے، اس لئے ان کی جگہ شرجیل خان کو موقع دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فخرزمان مکمل فٹ ہو گئے ہیں اور وہ اگلے میچ کیلئے دستیاب ہیں اور ٹیم مینجمنٹ بھی فخر زمان کے تیسرے میچ میں کھیلنے کیلئے پرامید ہیں کیونکہ ان کی جگہ دوسرے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم کا حصہ بننے والے شرجیل خان خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے اور تیسرا میچ بدھ کے روز کھیلا جائے گا جس میں جیت حاصل کرنے والی ٹیم سیریز میں برتری حاصل کر لے گی تاہم ہارنے والی ٹیم کے پاس آخری میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کا موقع موجود رہے گا۔
فخر زمان تیسرا میچ کھیلیں گے یا نہیں؟ خبر آ گئی
07:18 PM, 13 Apr, 2021