اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات کا اضافی قلمدان سونپ دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات کا اضافی قلمدان دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل بھی وہ وزیر اطلاعات رہ چکے ہیں۔
اضافی چارج ملنے کے بعد اسد عمر کے ہمراہ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ(پی آئی ڈی) میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا سندھ اور بلوچستان میں کورونا پھیل رہا ہے اور کورونا کی تیسری لہر زیادہ سنگین ہے جبکہ 2 ہفتے میں کورونا کنٹرول نہ ہوا تو معاملہ خراب ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ شبلی فراز کے سینیٹ سے ریٹائر ہو جانے کے بعد سے کوئی بھی وزیر اطلاعات نہیں تھا۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری نے جون 2016ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جبکہ اگست 2016ء میں انھوں نے بطور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حلقہ این اے 63 (جہلم 2) سے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے تھے اور اس حلقے سے نوابزادہ راجا مطلوب مہدی کامیاب قرار پائے۔
نومبر 2016ء میں انھیں پاکستان تحریک انصاف کا ترجمان مقرر کیا گیا اور مارچ 2018ء میں اسے پی ٹی آئی کا سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیا گیا تھا۔
عام انتخابات، 2018ء میں انھوں نے حلقہ این اے 67 (جہلم 2) سے بطور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حصہ لیا اور مد مقابل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نوابزادہ راجا مطلوب مہدی کو 93,102 ووٹ حاصل کر کے شکست دی۔ اسی انتخاب میں انھوں نے صوبائی اسمبلی پنجاب کے حلقے پی پی 27 (جہلم 3) سے بھی پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور حصہ لیا اور 67,003 ووٹ حاصل کر کے مسلم لیگ ن کے امیدوار ناصر محمود کو شکست دی تھی۔